ﷲہی ساری کائنات کا خالق، آسمان وزمین کا بنانے والا،ہر چیز کا رب اور مالک ہے۔ وہ تمام قسم کی عظمت وجلال اور کبریائی وکمال سے متصف اور ہر عیب ونقص سے پاک اور مبرا ہے۔وہ بے مثل وبے نظیر،یکتا اور وحدہ لاشریک ہے۔ وہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ نہ اسے موت آنی ہے اور نہ ہی نیند آتی ہے۔ وہی اول ہے اس سے پہلے کوئی چیز نہ تھی, وہی آخر ہے اس کے بعد کو ئی چیز نہ ہوگی۔اس کی ذات کو فنا نہیں۔ اس کی سلطنت کو انتہا نہیں۔ وہ جو چاہتا ہے وہی ہوتا ہے، اس کے چاہے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا, اس کے فیصلوں کو کوئی ٹال نہیں سکتا۔ وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ کسی کا علم وفہم اور عقل وخرد اس کا احاطہ نہیں کرسکتا۔ وہی سچا معبود اور بندوں کی ہر عبادت کا تنہا مستحق ہے۔اس کے خزانوں میں خرچ کرنے سے کوئی کمی نہیں ہوتی۔وہ کسی کا محتاج نہیں, سب اس کے محتاج ہیں۔ کوئی چیز اس سے اوجھل اور مخفی نہیں۔
لہٰذا مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھیں :
١۔ اﷲکی عظمت وکبریائی کو اپنے دل میں بٹھائیں اور اس کی کامل توحید کو اپنائیں۔
٢۔اﷲتعالی کے اسماء و صفات اور کمالات کو اس کے شایان شان ثابت کریں اور اس میں کسی قسم کی تاویل وتمثیل اور تحریف وتعطیل نہ کریں۔
٣۔اﷲتعالی کو ہر طرح کی عبادت کا تنہا مستحق جانیں؛ دعا وفریاد، رکوع وسجدہ، ذبح وقربانی، نذر ونیاز صرف اسی کے لئے کریں۔
٤۔ یہ عقیدہ رکھیں کہ اﷲکی ذات ساتوں آسمان کے اوپر اپنے عرش پر مستوی ہے اور اپنی مخلوقات سے الگ اور جدا ہے۔
٥۔ اس کی تقدیر اور اس کے فیصلے پر راضی ہو ں۔ نعمتوں پر شکر اور مصیبتوں میں صبر کریں۔
٦۔ اﷲپر توکل کریں اور اس کے حکم کے مطابق اسباب وذرائع کو استعمال کریں۔
٧۔ اﷲکی واجب کردہ عبادات کو بجالائیں اور اس کے حکموں کی تعمیل کریں۔
٨۔ اﷲکی حلال کردہ چیزوں کو حلال اور حرام کردہ چیزوں کو حرام جانیں۔
٩۔ اﷲکا ذکر کثرت سے کریں اورکھلے چھپے ہر حال میں اس کی نگرانی کا احساس رکھیں۔
١٠۔ اﷲکا تقوی اختیار کریں، اس کے عذاب سے ڈریں اور اس کی جنت کا حرص کریں۔
اورمندرجہ ذیل چیزوں سے پرہیز کریں:
١۔ اﷲکے ہمسر وبرابر کسی اور کو ماننے سے اور اس کی عبادت میں کسی کو کچھ بھی شریک کرنے سے۔
۲۔اللہ کے سوا کسی کو پکارنے یا کسی سے فریاد کرنے یا مدد چاہنے سے؛ یارسول مدد، یا علی مدد، یا غوث مدد کہنے سے، اللہ کے سوا کسی اور کے لئے نذر ونیاز دینے یا ذبح وقربانی کرنے سے۔
٢۔ اﷲکو ہر جگہ موجود اور حاضر رہنے کا عقیدہ رکھنے سے۔
٣۔اﷲکو کسی شکل میں انسانوں کے سامنے ظاہر ہونے کا عقیدہ رکھنے سے۔
٤۔ کسی کو اﷲکا بیٹا یا اﷲکی نسل اور خاندان کا ماننے سے۔
٥۔ اس کے ذکر میں غفلت اور اس کی معصیت اورنافرمانی سے۔
٦۔ اس کی رحمت سے مایوس ہونے سے۔
٧۔ کسی نعمت کے ملنے یا مصیبت کے ٹلنے کو اس کے سوا کسی اور کی جانب منسوب کرنے سے۔
٨۔ غیر اﷲکی قسم کھانے سے۔
٩۔ غیر اﷲکو ملک الملوک یا شہنشاہ کہنے سے۔
١٠۔ زمانہ کو گالی دینے سے کیونکہ گردش زمانہ اﷲکے حکم سے ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں